اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گاؤ جیانزن کی سربراہی میں بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ جس میں اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے مابین اشتراک کار بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اسلام آباد پولیس کے افسران کو جدید پولیسنگ و ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے بیجنگ بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تربیتی کورسز کریں گے اور اسلام آباد پولیس کے افسران پولیسنگ نظام کی بہتری کیلئے بیجنگ میں آرٹیفشل انٹیلی جنس کی بھی ٹریننگ لیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے ساتھ اشتراک کار بڑھانے پر بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد کا شکریہ اداکیا۔وفد میں چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لی یو ہانگ اور بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرز ہی ژن، فینگ وی اور ہو جمن شامل تھے۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری،وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آبادپولیس اور ڈی سی اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔