ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں عالمی ادبی تنظیم حلقۂ فکر و فن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر طارق عزیز کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں رکن پنجاب اسمبلی ملک فلک شیر اعوان سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے افراد شریک ہوئے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عالمی حلقۂ فکر و فن کی جانب سے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر طارق عزیز کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب کی صدارت مشیرِ اعلیٰ عالمی حلقۂ فکروفن شیخ محمد ارشد نے کی جبکہ اس موقع پر مہمانانِ اعزازی سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد جٹ، ممبر پنجاب اسمبلی ملک فلک شیر اعوان، پرنسپل پاکستان انٹرنیشل سکول راجہ محمد عرفان، قومی ائیرلائن پی آئی اے ریاض کے مینجر بلال احمد سمیت عالمی حلقۂ فکروفن کے سنیئر نائب صدر بابائے ریاض قاضی محمد اسحاق میمن موجود تھے جبکہ نظامت کے فرائض وقار نسیم وامق نے سرانجام دئیے۔
اس موقع پر عالمی حلقۂ فکروفن کی جانب سے ڈاکٹر طارق عزیز کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی گئی جبکہ بابائے ریاض قاضی محمد اسحاق میمن کی جانب سے سندھی اجرک کا روایتی تحفہ، پی آئی اے ریاض ریجن کے مینجر بلال احمد کی جانب سے سؤینئیر، پیپلز پارٹی کے وسیم ساجد اور گکھڑ فیڈریشن کے راجہ گل زیب کیانی کی جانب سے بھی تحائف پیش کئے گئے جبکہ شرکائے تقریب کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔