اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں، خاص طور پر واشنگٹن میں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد، بھارتی میڈیا ایک بار پھر اپنی روایتی روش پر آ گیا ہے اور بے بنیاد پراپیگنڈہ پھیلانے میں مصروف ہے۔ کسی بھی معتبر ثبوت کے بغیر یہ غلط معلومات کی لہر بھارت کی بڑھتی ہوئی مایوسی کا مظہر ہے، کیونکہ وہ خطے میں اپنی گرتی ہوئی سفارتی حیثیت اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو ہضم نہیں کر پا رہا۔
اس تبدیلی کا مرکز پاکستان کے آرمی چیف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا امریکہ کا دورہ تھا، جہاں اُنہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔ ان کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے اور صدر ٹرمپ کے جذباتی کلمات، جن میں انہوں نے کہا کہ “I love Pakistan” (میں پاکستان سے محبت کرتا ہوں)، بھارتی سیاسی و میڈیا حلقوں میں بے چینی کا باعث بنے۔
پاکستان کی قیادت جیسے جیسے ملک کو سفارتی کامیابیوں اور علاقائی اہمیت کی راہ پر گامزن کر رہی ہے، یہ ضروری ہے کہ ہم متحد، پرعزم اور سٹریٹیجک رہیں۔