لاہور (نمائندہ خصوصی زین بابو )ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل فرداً فرداً سن کر واضح الفاظ میں کہا کہ تھانہ کی سطح پر سائلین کی داد رسی نہ ہونے پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ایسے سائلین کا ڈیٹا مرتب کیا جائے جو بار بار شکایات کے باوجود حل نہ ہونے والے مسائل کے باعث کچہری میں آتے ہیں۔ اس موقع پر تمام متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ اوز ویڈیو لنک کے ذریعے کھلی کچہری میں موجود رہے۔فیصل کامران نے پولیس فورم کے غلط استعمال پر بھی واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹی درخواست دینے والے افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور کسی بھی فریق سے ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو پولیس افسران تک بغیر سفارش کے براہ راست رسائی دی جائے گی تاکہ انصاف کا عمل تیز اور شفاف ہو۔