اچھی خاصی چلتی ریل کی پٹری کے سامنے یکدم دیو ہیکل اونچا پہاڑ آگیا، پانی کے دباؤ کے سامنے کچی مٹی کے پہاڑ بھی اپنی جگہ چھوڑ دیتے تھے

مصنف:محمدسعیدجاوید


قسط:155


جہلم سے آگے پہاڑی سلسلے شروع ہوتے تھے جو آگے چل کرپوٹھوہارکے خطے سے مل جاتے تھے۔ یہ سارا علاقہ کچے پکے پہاڑوں، سطح مرتفع اور گہرے برساتی نالوں پرمشتمل تھا۔ بارش میں جب پانی کا تیز ریلا آتا تو اپنے ساتھ سب کچھ بہا کر لے جاتا۔ پانی کے دباؤ کے سامنے کچی مٹی کے یہ پہاڑ بھی اپنی جگہ چھوڑ دیتے تھے۔ یہاں پٹری کی بنیادیں قدرے بلند اور مضبوط پتھریلی سطح پر رکھی گئیں، کیونکہ بارشوں میں جب ندی نالے بپھر جاتے تو وہ پٹریوں کے نیچے سے زمین بھی بہا کر لے جاتے تھے۔ پٹری پر بچھائے گئے چھوٹے پتھر اور سلیپر وغیرہ بھی نیچے سے نکل جاتے اور یوں پٹری کمزور ہو کرہواؤں میں لٹکنا شروع ہو جاتی اورگاڑیوں کی آمد و رفت کا سلسلہ موقوف ہوجاتا۔ ان ہی مشکلات کے مد نظر پہلے 1873ء میں جہلم اور راولپنڈی کے درمیان میٹر گیج کی چھوٹی پٹری بچھائی گئی تھی، تاہم 5سال بعد ہی یعنی1878 ء میں اس کو نا قابل عمل قرار دے کر ہٹا دیا گیا اور اس کے جگہ براڈ گیج کی پٹری کو ہی جاری رکھا گیا۔ جہلم سے آگے اور سوہاوہ سے ذرا پہلے تَرکی قصبے سے بکرالا ریلوے اسٹیشن کے بیچ ایک دلچسپ مقام آتا ہے، جہاں ریل کوگزارنے کے لیے ایک لمبی دائرہ نما لوپ لائن بچھائی گئی جس کی عام حالات میں کوئی ضرورت نہیں ہوتی تھی۔


ہوا یوں تھا کہ اچھی خاصی چلتی ہوئی ریل کی پٹری کے سامنے یکدم ایک دیو ہیکل اونچا پہاڑ آگیا۔ گاڑی کو اس کے اوپر تک لے جانا مقصود تھا مگر وہاں کی بلندی کا زاویہ کچھ ایسا بن رہا تھا کہ پٹری کو سیدھا پہاڑ کے اْوپر تک نہیں پہنچایا جا سکتا تھا۔ تکنیکی طور پر ایک حد سے زیادہ لائن کی گریڈئینٹ کو اٹھایا نہیں جا سکتا تھا۔ اس لیے ضروری تھا کہ پٹری کو آہستہ آہستہ اْوپر لے جایا جاتا۔ اس کے لیے بھی اچھا خاصا لمبا راستہ درکار تھا جو اس پہاڑی علاقے میں ممکن نہیں تھا۔ اور کوئی حل نہ پا کر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پٹری کو دائرے کی شکل میں گھما کر اور اسے ایک لمبا لوپ دے کر آہستہ آہستہ اس کو اوپر اٹھایا جائے اور بالآخر یہ اس پہاڑی چوٹی تک پہنچ جائے جہاں اس کو لے جانا مقصود تھا۔ یہ کئی کلومیٹر کا راستہ تھا جو صرف پہاڑی تک چڑھنے کے لیے ہی بنایا گیا تھا ورنہ نیچے سے دیکھیں تو پہاڑی سامنے ہی نظر آتی تھی اور وہاں تک کا فاصلہ بھی محض چند کلومیٹر تھا۔ یہاں بڑا ہی دلچسپ منظر ہوتا ہے جب نیچے آتی ہوئی ریل گاڑی دائرے میں ایک چکر کاٹ کر اْوپر پہنچتی ہے تو ا سے نشیب میں اس کی وہ پٹری صاف نظر آتی ہے جہاں سے اس نے بلندی کی طرف اپنے بے معنی مگر ضروری سفر کی ابتداء کی تھی۔ اسی لوپ کے بیچ میں بکرالہ نام کا قدرے غیر معروف اسٹیشن بھی بنایا گیا ہے۔ اْوپرپہنچتے ہی یکے بعد دیگرے اسے 2 سرنگوں میں سے بھی گزارا جاتا ہے تب کہیں جا کر یہ گاڑی دوبارہ ہموار پٹری پر پہنچ پاتی ہے۔


جلد ہی یہ ریلوے لائن راولپنڈی پہنچ گئی جو ایک بڑا شہر اور اہم فوجی چھاؤنی بھی تھا۔ یہاں ایک بڑا اور خوبصورت اسٹیشن بنایا گیا تھا جو پاکستان کے چندبہترین اسٹیشنوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ یوں لاہور سے پشاور تک ریل کی پٹری بچھانے کے پہلے مرحلے پر کام مکمل ہو گیا۔


راولپنڈی سے پشاور کا راستہ قدرے آسان تھا، وہاں کوئی ایسے پہاڑی سلسلے بھی راہ میں حائل نہ تھے جہاں کوئی مشکل پیش آتی لیکن ایک بڑی رکاوٹ آگے چل کر اٹک کے?مقام پر پیش آنے والی تھی اور وہ تھا اٹک کے قریب دریائیسندھ پر ایک پْل جو ابھی دور دور تک بنتا نظر نہیں آرہا تھا۔


(جاری ہے)


نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

ڈس کلیمر: اس مضمون کو دوبارہ پرنٹ کرنے کا مقصد مزید معلومات فراہم کرنا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ ویب سائٹ اس کے خیالات سے متفق ہے اور نہ ہی یہ کوئی قانونی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ اس سائٹ پر موجود تمام وسائل انٹرنیٹ سے جمع کیے گئے ہیں اور صرف سیکھنے اور حوالہ دینے کے لیے شیئر کیے گئے ہیں اگر کوئی کاپی رائٹ یا دانشورانہ املاک کی خلاف ورزی ہو تو براہ کرم ہمیں ایک پیغام دیں۔
رجحان کو جلد جانیں۔      ہم سے رابطہ کریں   SiteMap