کٹھمنڈو(آئی این پی ) سائنسدانوں کی جانب سے حال ہی میں ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے دنیا کے سب سے اونچے پہاڑ ماوئنٹ ایورسٹ سے بھی اونچے 2 پہاڑوں کی موجودگی کا دعوی کیا ہے جو زیر زمین ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پہاڑ تقریبا 1,000 کلومیٹر بلند ہیں، جو ماوئنٹ ایورسٹ کی 8.8 کلومیٹر کی لمبائی سے کہیں زیادہ ہیں۔محققین کا خیال ہے کہ یہ پہاڑ کم از کم 500 ملین سال پرانے ہیں، اور ہو سکتا ہے کہ خود زمین جتنا پرانے ہوں جو کہ تقریبا 4 ارب سال قبل بننا شروع ہوئے۔تحقیقی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ارون ڈیوس نے کہا کہ زمین کے نیچے یہ بہت بڑے پہاڑ ایک معمہ ہیں۔ ہمیں نہیں معلوم کہ وہ کیا ہیں یا کتنے عرصے سے وہاں موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ عارضی ہو سکتے ہیں، یا تو لاکھوں یا اربوں سالوں سے وہاں موجود ہو سکتے ہیں۔ محققین کے مطابق یہ دونوں پہاڑ افریقہ اور بحرالکاہل کے نیچے واقع ہیں۔ وہ ایک بہت بڑے علاقے سے گھرے ہوئے ہیں جہاں پرانی ٹیکٹونک پلیٹیں ڈوب چکی ہیں۔ ایسا اس وقت ہوتا ہے جب ایک پلیٹ دوسری پلیٹ کے نیچے چلی جاتی ہے اور تقریبا 3000 کلومیٹر نیچے زمین کی گہرائی میں دھنس جاتی ہے۔