لاہور (زین بابو سے) پنجاب حکومت نے صوبے میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے، عوامی مسائل کے فوری حل اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے’’پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی‘‘ (PERA) کے لاہور ڈویژن میں باضابطہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اقدام 11 جولائی 2025 (کل )سے مؤثر ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ایکسپو سینٹر لاہور میں افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی ہوں گی جہاں وہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منتخب ہونے والے 400 نئے انفورسمنٹ و انویسٹی گیشن افسران سے خطاب بھی کریں گی۔ یہ افسران اس وقت پنجاب پولیس ٹریننگ سینٹر چوہنگ میں پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر رہے ہیں جو 31 اگست تک مکمل ہو جائے گی۔’’پیرا ‘‘کو ایک خصوصی انفورسمنٹ ادارہ تصور کیا جا رہا ہے، جو حکومتی قواعد و ضوابط پر نچلی سطح پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔
روایتی اداروں کے برعکس، پیرا کی فیلڈ ٹیمیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گی، جن میں سمارٹ ڈیوائسز، باڈی کیمرے، نگرانی کے آلات اور ریئل ٹائم رپورٹنگ سسٹمز شامل ہوں گے تاکہ شفافیت، مؤثر کارروائی اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اتھارٹی کے ترجمان ندیم خاور کے مطابق یہ ادارہ ایک شفاف، غیر سیاسی اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کرے گا تاکہ عوام کو فوری اور بروقت قانونی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔