واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان مکمل اور حتمی جنگ بندگی پر مکمل اتفاق ہو گیاہے ۔
ایکس پر جاری پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ سب کو مبارک ہو، اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک تقریباً 6 گھنٹے بعد اپنے جاری آخری مشنز کو مکمل کر لیں گےاور پھر جنگ بندی ہو جائے گی۔
امریکی صدر کا کہناتھا کہ یہ جنگ بندی 12 گھنٹوں کے لیے ہو گی، جس کے بعد اس جنگ کو ختم قرار دے دیا جائے گا، ایران جنگ بندی کا آغاز کرے گا، اور 12ویں گھنٹے پر اسرائیل جنگ بندی کا آغاز کرے گا۔ 24ویں گھنٹے پر12 روزہ جنگ کے باضابطہ اختتام کو دنیا بھر میں سراہا جائے گا۔ ہر فریق کے جنگ بندی کے دوران، دوسرا فریق پُرامن اور باعزت رویہ اپنائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ یہ مفروضہ رکھتے ہوئے کہ سب کچھ ٹھیک چلے گا (جو کہ چلے گا)، میں دونوں ممالک، اسرائیل اور ایران کو ان کی برداشت، حوصلے اور ذہانت پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس جنگ کا خاتمہ کیا، جسے ’12 روزہ جنگ‘ کہا جانا چاہیے۔