لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار فواد خان بالی ووڈ میں آٹھ سال کے وقفے کے بعد ایک نئی رومانٹک کامیڈی فلم ’عبیر گلال‘ کے ساتھ واپسی کے لیے تیار ہیں۔ فلم میں وہ وانی کپور کے ساتھ پہلی بار سکرین شیئر کریں گے۔
2016 میں پاکستانی فنکاروں پر غیر سرکاری پابندی لگائے جانے کے بعد فواد کی یہ پہلی بالی ووڈ فلم ہے۔ اس سے پہلے فواد خان نے’خوبصورت’، ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ جیسی فلموں میں اپنی شانداراداکاری کے ساتھ دھوم مچادی تھی۔لیکن بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے خان کا بالی ووڈ کیریئر اچانک رک گیا، بھارتی مداح انہیں بالی وڈ میں دوبارہ دیکھنے کے ٓلیے بے چین تھے۔ اب عبیر گلال کے ساتھ ایسا لگتا ہے کہ فواد نے اپنا سفر وہیں سے شروع کیا ہے، جہاں سے چھوڑا تھا۔
’عبیر گلال‘ کے پروڈیوسرز کو یقین ہے کہ یہ فلم نہ صرف فواد کے عالمی مداحوں کا دل جیت لے گی بلکہ اداکار کو ان کے ”اب تک کے سب سے پیارے کردار“ میں بھی دکھائے گی۔ وہ دلکش پرفارمنس دینے کے لئے فواد اور وانی کپور کے درمیان ناقابل تردید کیمسٹری پر انحصار کر رہے ہیں۔