پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کامیاب 25 ارکان نے حلف اٹھالیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں آج مخصوص نشستوں پر کامیاب 25 ارکان حلف نہیں اٹھاسکے تھے، اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی کی گئی تھی جس پر سپیکر بابر سلیم سواتی نے اجلاس 24 جولائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔
اس معاملے پر اپوزیشن جماعتیں پشاور ہائی کورٹ پہنچیں اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے حلف برداری کیلئے گورنر کو نامزد کیا۔تاہم اب مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھالیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی۔جے یو آئی کی 7 خواتین اور 2 اقلیتی ارکان، مسلم لیگ ن کی 7 خواتین اور ایک اقلیتی رکن نے حلف اٹھایا۔ پیپلزپارٹی کی 4 خواتین اور ایک اقلیتی رکن اور اے این پی کی 2 اور پی ٹی آئی پی کی ایک خاتون حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں 145 اراکین کی تعداد مکمل ہوگئی۔