سورس: Wikimedia Commons
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اس بربریت، وحشت اور حیوانیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے، یہ غیرت نہیں، کھلا قتل اور بیغیرتی کی انتہا ہے۔ ہر سال خواتین کو اپنی مرضی سے جینے کی سزا دی جاتی ہے۔ریاست اور نظام دونوں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، جہاں خواتین کو تحفظ دینے کے بجائے قبائلی انا، مردانگی کے زہریلے معیار اور سرداری روایات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے ایک جوڑے کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا جس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مطابق واقعہ عیدالاضحیٰ سے کچھ دن پہلے پیش آیا، واقعے کا مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے