سورس: Screen Grab
کوئٹہ (یاسر شامی سے) بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گولی مارنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک مرد اور خاتون کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ اب اس حوالے سے نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
بلوچستان حکومت کے ذرائع کے مطابق قتل ہونے والی لڑکی کا نام شیتل جب کہ لڑکے کا نام ثناء اللہ ہے۔ دونوں نے پسند کی شادی کی اور علاقے سے چلے گئے۔ یہ جوڑا عید الاضحیٰ سے کچھ روز قبل واپس آیا تھا۔ قتل کا واقعہ 3 یا 4 جون کو تھانہ ہنہ کے علاقے مرگٹ میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق ویڈیو میں موجود ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے جب کہ گولی مارنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بلوچستان حکومت نے اپنی مدعیت میں ملزمان کے خلاف قتل اور دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ باتیں بھی کہی جا رہی ہیں کہ دونوں مقتولین کی لاشوں کو پہاڑوں میں چھوڑ دیا گیا ہے اور وڈیروں نے کہا ہے کہ ان کی تدفین نہ کی جائے۔ ذرائع نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے۔