لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے دوسرے سپیل کا الرٹ جاری کردیا۔ 5 سے 10 کے دوران جولائی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، اور بارش کی پیشگوئی ہے۔ لاہور گوجرانوالہ فیصل آباد ملتان سرگودھا ڈیرہ غازی خان بہاولپور ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی میں اضافے کے خدشات ہیں۔ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔