لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )عوامی آرا ءجاننے والے ادارے گیلپ پاکستان نے خیبرپختونخوا کے حوالے سے نیا سروے جاری کردیا جس میں شہریوں کی اکثریت نے کسی بھی احتجاج کی حمایت سے انکار کر دیاہے۔
گیلپ کے سروے کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام کی اکثریت نے احتجاج کے خلاف رائے دی اور 85 فیصد نے صوبائی حکومت کو وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا مشورہ دے دیا۔
سروے کے مطابق وفاق سے تعاون کی حمایت اپوزیشن کے علاوہ 86 فیصد پی ٹی آئی سپورٹرز نے بھی کی۔
مستقبل میں پی ٹی آئی کے مظاہروں میں شرکت کے سوال پر 53 فیصد نے کسی بھی احتجاج میں جانے سے انکار کیا البتہ 40 فیصد نے شرکت کا ارادہ ظاہر کیا۔
سروے میں 60 فیصد شہری صوبائی حکومت کے ماضی میں دھرنوں اور احتجاج سے بھی ناراض نظرآئے اور تنقید کرتےہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے دھرنے اور احتجاج پر وقت ضائع کیا۔
32 فیصد نے ماضی میں احتجاج کی حمایت کی، اس سب کے باوجود سروے میں شامل 60فیصد شہریوں نے وفاق کے خلاف احتجاج کو درست حکمت عملی قرار دیتے ہوئے اسے تبدیلی کےلیے مؤثر قرار دیا۔