کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی اداکار و ہدایتکار یاسر حسین ایک مرتبہ پھر اپنے بیان کی وجہ سے تنقید کی زد میں آگئے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اداکار اکثر و بیشتر انٹرویوز میں اس قسم کے بیانات دیتے ہیں جو سوشل میڈیا صارفین کو خاص پسند نہیں آتے، ایسے میں ان کے مداح اور دیگر صارفین سوشل میڈیا پر ان کی تصیحح بھی کرتے ہیں اور ان پر تنقید بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں وہ ایک شو میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے چار شادیوں پر کھل کر اپنی رائے دی، اداکار نے کہا کہ میں ذاتی طور پر چار شادیوں کے حق میں نہیں ہوں، میں نے جس سے محبت کی اسی سے شادی کی، اب کسی اور عورت کو دیکھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
اداکار کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، کچھ لوگ ان کی رائے کو حقیقت کے قریب سمجھتے ہیں جبکہ اکثر صارفین نے ان کے خواتین سے متعلق ان کے اس بیان پر ناراضی کا اظہار کیا۔