پنجاب میں ویپنگ اور الیکٹرانک سگریٹس کی فروخت پر مکمل پابندی عائد

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ویپنگ اور الیکٹرانک سگریٹس (ای سگریٹس) کی فروخت و خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کی منظوری صوبائی کابینہ نے دی، جس کے بعد تمام ویپنگ سینٹرز کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ اعلان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں ہونے والے کابینہ اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے نوجوان نسل میں ویپنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو "سنگین صحت کے خطرات" سے تعبیر کیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ صوبے بھر میں ویپنگ کے مراکز کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرے، بالخصوص لاہور میں موجود تمام غیر قانونی ویپنگ سینٹرز کو بند کیا جائے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں بغیر کسی نگرانی کے ای سگریٹس کے استعمال سے نشہ آور عادتیں فروغ پا رہی ہیں، جو مستقبل میں مہلک طبی مسائل کا باعث بن سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نوجوانوں کی صحت کے تحفظ اور معاشرتی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ اس پابندی پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے اور کسی بھی غیر قانونی ویپنگ سینٹر کو کام کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔اس سے قبل معروف اداکارہ حنا بیات نے بھی ایک ٹاک شو کے دوران نوجوانوں میں ویپنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور اسے ایک خطرناک لت قرار دیا تھا۔پنجاب حکومت کا یہ اقدام نہ صرف نوجوان نسل کی صحت کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ ویپنگ کے خلاف قومی سطح پر بیداری پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈس کلیمر: اس مضمون کو دوبارہ پرنٹ کرنے کا مقصد مزید معلومات فراہم کرنا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ ویب سائٹ اس کے خیالات سے متفق ہے اور نہ ہی یہ کوئی قانونی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ اس سائٹ پر موجود تمام وسائل انٹرنیٹ سے جمع کیے گئے ہیں اور صرف سیکھنے اور حوالہ دینے کے لیے شیئر کیے گئے ہیں اگر کوئی کاپی رائٹ یا دانشورانہ املاک کی خلاف ورزی ہو تو براہ کرم ہمیں ایک پیغام دیں۔
رجحان کو جلد جانیں۔      ہم سے رابطہ کریں   SiteMap