اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ مودی جاہل شخص ہےاس جیسے حکمراں تاریخ میں جب آئے ملک منتشر ہو گئے،ہندوستان برصغیر ہے، تاریخ میں کبھی ایک ملک نہیں رہا، ایک وقت ایسا بھی آیا جب برصغیر میں 500 سے زیادہ ریاستیں تھیں۔
اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی حکمرانی کے دوران کچھ مختصر وقفے آئے، جب ہندوستان بدخشاں سے بنگال تک ایک حکمرانی میں رہا۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اس وقت بھارت میں درجنوں آزادی اور علیٰحدگی کی مسلح تحریکیں چل رہی ہیں، مودی جیسے حکمراں تاریخ میں جب آئے تو ملک منتشر ہو گئے۔ ہندو مذہب میں درجنوں ذیلی مذاہب ہیں، نچلی ذاتوں کا روز قتلِ عام ہوتا ہے، مودی اور اس کے حواری ان کے ساتھ ہاتھ ملا لیں تو دھرم بھرشٹ ہو جاتا ہے۔ مودی ایک جاہل شخص ہے، جو اکھنڈ بھارت کی بات کرتا ہے۔