اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ مودی گولی چلائیں گے تو جواب میں گولہ کھائیں گے۔ پی ٹی آئی کی کال پر کوئی باہر نہیں نکلے گا، تحریکِ انصاف انتشار اور مذاکرات کے مداروں میں چکر کھا رہی ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت تو شاید بانیٔ پی ٹی آئی کو بہت کچھ دینے کی پوزیشن میں ہے، البتہ بانیٔ پی ٹی آئی کیا دے سکتے ہیں؟ وہ کچھ دینے کی پوزیشن میں نہیں۔پہلے یہ طے کر لیں کہ کیا بات کرنی ہے؟ کس نے کرنی ہے؟ اور کس سے کرنی ہے؟ یہ پہلے بھی مذاکرات سے بھاگ گئے تھے۔لائیں تحریکِ عدم اعتماد، ہمارے تو نہیں البتہ پی ٹی آئی کے لوگ ضرور کم ہو جائیں گے، ہماری صفوں میں کوئی علوی یا قاسم سوری نہیں۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ مودی گولی چلائیں گے تو جواب میں گولہ کھائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی قیادت کے لیے ایک بار پھر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔