عمارت پہلے سنسان مگر سرسبز پہاڑوں کے دامن میں تھی،آفر جوانی کے جوش میں قبول کر لی،کمبل سردی کے سامنے بے بس تھے اور ہم بے یارو مددگار

مصنف:شہزاد احمد حمید


قسط:147


خیرے منصوبے کے مطابق شعیب اس اہل کار کو بلا لایا۔ شعیب اور پھر احد اور آخر میں کالی مرسیڈز کو دیکھ کر اس کا گورا رنگ کالا ہو گیا تھا۔ میں دھوپ کا چشمہ لگا ئے باپ کی موٹر کی پچھلی سیٹ پر بیٹھا تھا۔ وہ میرے پاس آیا تو میں نے آ نکھیں ماتھے پر رکھیں اور ٹھیٹ پنجابی میں کہا؛”توں میکے دوست دی بی اے دی ڈگری ول روی ودا ایں۔ ول جے کل تئیں جاری نہ وندی۔۔میں نے اب شعیب کی طرف دیکھ کرکہا”بلے خان! ول جے ڈگری کل تئیں جاری نہ گدی ول اسوں ڈیرہ گھن آسو۔“ وہ گرا نہیں بس اس کے منہ سے اتنا نکلا؛”جناب رحم کریں۔ صبح ڈگری مل جائے گی۔“ میں اس کی بات ختم ہونے سے پہلے موٹر کاشیشہ اوپر اور اس کا سانس نیچے کر چکا تھا۔ اگلے روز جب فیصل ڈگری لینے گیا تو ڈگری اس کے ہاتھ میں تھمانے سے پہلے وہ اسے چائے اور سمو سہ کھلا چکا تھا اور ساتھ رحم کی بھیک کا طلب گار تھا۔واہ کیا وقت تھا۔ ایسی چوہدراہٹ، حماقت، ناسمجھی صرف جوانی میں ہی کی جا سکتی تھی لیکن چس(مزا) بڑا آ یا تھا۔


ناران کا پہلا سفر؛


8384/ میں اکبر خاں، فیصل، طارق، شعیب، وکی، بنٹو اور میں پانچ دن کے لئے ناران گئے۔ لاہور سے”ناران یوتھ ہوسٹل“ کی بکنگ کرائی اورریل کار سے راولپنڈی اورویگن سے بالا کوٹ پہنچے تھے۔ بالاکوٹ پہنچے تو گرمی نے برا حال کر دیا تھا۔ سامنے بہتے دریائے کہنار کے بڑے سے پتھر سے ٹکراتے کہنار کے ٹھنڈے یخ پانی میں نہائے تو جسموں میں کپکپی تو طاری ہو ئی تھی مگر جسم ترو تازہ ہو گئے تھے۔رات ہم نے ہائی سکول کے کمرے میں سکول چوکیدار کو 20 روپے دے کر بسر کی تھی۔


اگلے روز علی الصبح ویگن میں سوار ہوئے اور ہچکولے کھاتے ٹوٹی سڑک پر شاندار نظاروں کا لطف اٹھاتے دریائے کنہار کے ساتھ ساتھ سفر کرتے بعد دوپہر ناران پہنچے تھے۔ پہلی بار اونچے پہاڑ ساتھ بہتا دریا ہمارے لئے بڑاتھرلنگ سفر تھا۔اس زمانے میں ناران چھوٹی سی جگہ تھی۔ کم سیاح ہی اُدھر کا رخ کرتے تھے۔ہوٹلز بھی عام سے تھے، سفری سہولیات بھی کم اور سڑک بھی بری حالت میں تھی۔ناران کی واحد attraction ان دنوں ٹراؤٹ فش اور جھیل سیف الموک تھی جس کے بارے دیو مالائی کہانیاں سن رکھی تھیں۔بابو سر ٹاپ کے راستے پر جھیل لولو سر بھی تھی لیکن اس زمامے میں وہ راستہ نہایت خطرناک تھا۔ جس رو ز ہم ناران پہنچے اس سے اگلے روز ہی سیاحوں سے بھری جیپ گہری کھائی میں جا گری تھی تو ہم نے بابو سر جانے کا ارادہ ہی ترک کر دیا تھا۔ کہنار کے کنارے موٹل تھا اور اس کے قریب ہی ماہی پروری کاس دفتر جہاں سے ”ٹراؤٹ“ مچھلی کے شکارکا پرمٹ ملتا تھا۔ہم نے پرمٹ لے کر مچھلی پکڑنے کی کئی گھنٹے ناکام کوشش کے بعد مقامی مچھیرے سے 100 روپے کلو کے حساب سے 2 کلو مچھلی لی، فرائی کرائی اور مزے سے کھائی تھی۔


رات بلا آیا تھا؛


اس زمانے میں یوتھ ہوسٹل کی عمارت ناران قصبہ سے تقریباً ایک کلو میٹر پہلے سنسان مگر سرسبز پہاڑوں کے دامن میں تھی۔(اب یہاں یوتھ ہوسٹل کی اچھی عمارت بن چکی ہے۔)شام کو ہم یہاں پہنچے تو ہوسٹل کے انچارج نے بتایا؛”ابھی کمرہ خالی نہیں ہوا کہ جانے والے مہمان ایک روز اور رک گئے تھے۔“ تھوڑی بحث کے بعد انچارج نے ہمیں ہوسٹل کے باہر پکے فرش پر بستر بچھا کر رات بسر کرنے کی آفر کی جو ہم نادانوں نے جوانی کے جوش میں قبول تو کر لی تھی۔ یہ ایک اور حماقت تھی۔کھانا کھا کر ہم سونے کو آئے تو سردی رات گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھ رہی تھی۔ ہمیں دئیے گئے کمبل کھلے آسمان تلے سردی کے سامنے بے بس تھے اور ہم بے یارو مددگار۔ بہرحال جو بھی اپنے ساتھ جتنے گرم کپڑے لایا تھا سب پہن لئے پھر جا کر کچھ سکون ہوا تو نیند کی وادی میں پہنچ گئے۔ (جاری ہے)


نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

ڈس کلیمر: اس مضمون کو دوبارہ پرنٹ کرنے کا مقصد مزید معلومات فراہم کرنا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ ویب سائٹ اس کے خیالات سے متفق ہے اور نہ ہی یہ کوئی قانونی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ اس سائٹ پر موجود تمام وسائل انٹرنیٹ سے جمع کیے گئے ہیں اور صرف سیکھنے اور حوالہ دینے کے لیے شیئر کیے گئے ہیں اگر کوئی کاپی رائٹ یا دانشورانہ املاک کی خلاف ورزی ہو تو براہ کرم ہمیں ایک پیغام دیں۔
رجحان کو جلد جانیں۔      ہم سے رابطہ کریں   SiteMap