کراچی: غیرملکی خاتون کو منشیات سمگل کرنے کے جرم میں 7 سال قید کی سزا

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے یوگنڈا کی خاتون کو کوکین سمگل کرنے کے جرم میں اعتراف کرنے پر 7 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔


ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خصوصی عدالت کے جج راجیش چندر راجپوت نے ملزمہ ناکاوا ایڈیہی کو سی این ایس ایکٹ 1997 (ترمیم شدہ 2022) کی دفعہ 9 (1) 7 (b) کے تحت سزا سنائی۔


سرکاری پراسیکیوٹر عبدالحَنان کے مطابق ملزمہ رواں سال جنوری میں پاکستان پہنچی تھی، جب کہ اس نے مبینہ طور پر 11 کیپسولز جن میں 144 گرام کوکین چھپی ہوئی تھی، اپنے معدے میں چھپائے ہوئے تھے، اسے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے گرفتار کیا تھا۔


جب عدالت میں باقاعدہ فردِ جرم عائد کرنے کے لیے پیشی ہوئی تو ملزمہ نے رضاکارانہ طور پر جرم کا اعتراف کرتے ہوئے رحم کی درخواست کی، عدالت نے اس کا بیان ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 342 کے تحت ریکارڈ کیا، جس میں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔


عدالت نے جرم تسلیم کرنے پر نرم رویہ اختیار کرتے ہوئے قید کی سزا سنائی، جج نے نوٹ کیا کہ ’ملزمہ کا بیان سنا اور کیس کے ریکارڈ کا بغور جائزہ لیا، فردِ جرم عائد کرتے وقت، ملزمہ نے پاکستان میں جسم میں چھپائے گئے 11 کیپسولز میں 144 گرام کوکین درآمد کرنے کی کوشش کا اعتراف کیا‘۔


عدالت نے قید کی مدت کم رکھنے کی وجہ یہ بیان کی کہ ملزمہ نے بار بار جرم کا اعتراف کیا اور اپنی مالی مشکلات اور رویے کی بنیاد پر رحم کی درخواست کی۔


عدالت نے مزید کہا کہ یہ عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ جرم کا اعتراف مکمل طور پر رضاکارانہ اور کسی بھی دباؤ سے پاک تھا۔


اپنے بیان میں ملزمہ نے عدالت کو بتایا کہ وہ 2 کم عمر بچوں کی واحد کفیل ہے، اور شوگر کی مریضہ ہونے کے باعث روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے شدید مالی مشکلات کا شکار ہے، جس کی وجہ سے اس نے یہ جرم کیا۔


اس نے مزید کہا کہ وہ پہلی مرتبہ کسی جرم میں ملوث ہوئی ہے، اور تحقیقاتی کاغذات میں ایسا کچھ موجود نہیں جو یہ ظاہر کرے کہ وہ پہلے کبھی مجرم قرار دی گئی ہو۔


عدالت نے ملزمہ پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جس کی عدم ادائیگی پر اسے مزید 5 دن کی قید بھگتنا ہوگی۔


پراسیکیوٹر حَنان کے مطابق، ایک نائجیرین شہری، سٹیفن چوبائیکے، مرکزی ملزمہ کے ساتھ رابطے میں تھا، بعد میں اسے گرفتار کیا گیا لیکن چوں کہ اس کے قبضے سے کچھ برآمد نہیں ہوا، اس لیے اسے ضمانت دے دی گئی۔


تاہم، سماعت کے دوران وہ عدالت میں پیش نہیں ہوا، جس پر عدالت نے اس کی ضمانت ضبط کرتے ہوئے اس کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیا۔


یہ مقدمہ اے این ایف کلفٹن سٹیشن میں سی این ایس ایکٹ 1997 (ترمیم شدہ 2022) کی دفعہ 9(1) 7(b) کے تحت درج کیا گیا تھا۔

ڈس کلیمر: اس مضمون کو دوبارہ پرنٹ کرنے کا مقصد مزید معلومات فراہم کرنا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ ویب سائٹ اس کے خیالات سے متفق ہے اور نہ ہی یہ کوئی قانونی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ اس سائٹ پر موجود تمام وسائل انٹرنیٹ سے جمع کیے گئے ہیں اور صرف سیکھنے اور حوالہ دینے کے لیے شیئر کیے گئے ہیں اگر کوئی کاپی رائٹ یا دانشورانہ املاک کی خلاف ورزی ہو تو براہ کرم ہمیں ایک پیغام دیں۔
رجحان کو جلد جانیں۔      ہم سے رابطہ کریں   SiteMap