لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) شاہ دی کھوئی جوہرٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس میں شیر نے فیملی پرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کےلیے جناح ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ زخمیوں میں شامل دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فارم ہاؤس میں رکھے شیر کا جنگلہ کھلا رہ گیا تھا جس کی وجہ سے اس نے فیملی پر حملہ کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر پولیس نے محکمہ وائلڈ لائف سے رابطہ کیا جس نے پالتو شیر کو قابو کر لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔