کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)شہر کے مشرقی علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔ڈان نیوز کے مطابق چند روز کے وقفے کے بعد کراچی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں ایک بار پھر سے خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
کراچی کے مشرقی علاقوں میں 3 بجکر 54 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کی گہرائی 5.6 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز ملیر کے شمال مغرب میں بتایا گیا ہے۔تاہم، زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے جس سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔واضح رہے کہ یکم جون سے کراچی میں شروع ہونے والے زلزلوں کے جھٹکوں مجموعی تعداد اب 30 سے زائد ہوچکی ہے، شہر میں حالیہ زلزلے کے جھٹکے قائدآباد، گڈاپ، ملیر، ڈی ایچ اے اور کورنگی کے علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔