لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مون سون کے سپیل کا سلسلہ برقرار ہے، لاہور میں موسلادھار بارش سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہوگئی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں اسلام پورہ، گلشن راوی، مال روڈ، لوئر مال، مزنگ، انارکلی میں بادل برس پڑے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، نالہ لئی میں پانی کی سطح 10 فٹ تک بلند ہوگئی، راول ڈیم میں پانی کی سطح 1 ہزار 749 فٹ ہونے پر سپل ویز کھول دیئے گئے، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج شدید بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
مون سون بارشوں میں مجموعی طور پر 252 افراد جاں بحق،611 زخمی ہو چکے، مرنے والوں میں 121 بچے، ، 85 مرد اور 46 خواتین شامل ہیں، پنجاب میں سب سے زیادہ 139، خیبر پختونخوا میں 60 اموات ہوئیں، سندھ میں 24، بلوچستان 16، اسلام آباد 6، آزاد کشمیر میں 2 افراد لقمہ اجل بنے۔